ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راہل گاندھی کا اعلان: کھیت بیچنے پر مجبور کروگے تو ٹریکٹر پارلیمنٹ میں چلے گا

راہل گاندھی کا اعلان: کھیت بیچنے پر مجبور کروگے تو ٹریکٹر پارلیمنٹ میں چلے گا

Tue, 27 Jul 2021 11:34:19    S.O. News Service

نئی دہلی،27؍جولائی(ایس او نیوز؍ایجنسی) زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کو 8مہینے مکمل ہونے کے موقع پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی احتجاج درج کراتے ہوئے ٹریکٹر چلا کر پارلیمنٹ پہنچے- راہل گاندھی کے ہمراہ ٹریکٹر پر رندیپ سرجے والا، بی وی سرینواس اور دپیندرہڈا سمیت کئی لیڈر نظر آئے- اس دوران سرجے والا اور سرینواس کو حراست میں لے لیا گیا-کانگریس کے اس ٹریکٹر مارچ کے دوران کسانوں کے حق میں نعرے گونج رہے تھے- ٹریکٹر پر سامنے کی طرف ہورڈنگ نصب کیا گیا تھا جس پر ’کسان مخالف تینوں سیاہ زرعی قوانین واپس لو‘ لکھا ہوا تھا- ٹریکٹر کے ساتھ متعدد لیڈرس ہاتھوں میں تختیاں اور پوسٹر لے کر بھی چل رہے تھے-اس دوران راہل گاندھی نے حکومت پر زوردار حملہ بولتے ہوئے کہاکہ میں کسانوں کا پیغام لے کر پارلیمنٹ پہنچا ہوں - وہ (حکومت) کسانوں کی آواز کو دبا رہے ہیں اور پارلیمنٹ میں بحث نہیں ہونے دے رہے- انہیں ان سیاہ قوانین کو واپس لینا ہی ہوگا- پورا ملک جانتا ہے کہ یہ قوانین صرف3-2 صنعت کاروں کیلئے سود مند ہیں -راہل گاندھی نے مزید کہا کہ حکومت کے مطابق کسان بہت خوش ہیں اور جو باہر دھرنے پر بیٹھے ہیں وہ دہشت گرد ہیں - اس طرح کے الزامات عائد کرنے والی حکومت کسانوں کے حقوق سلب کر رہی ہے-راہل گاندھی نے بعد میں ٹوئٹ کر کے کہا کہ اگر کھیت بیچنے پر مجبور کروگے تو ٹریکٹر پارلیمنٹ میں چلے گا- سچائی کی فصل اگا کر رہیں گے - دریں اثنا، زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی طرف سے دہلی کے جنتر منتر پر کسان سنسد لگائی جا رہی ہے- سنیوکت کسان مورچہ کے بینر تلے ہر روز 200کسان احتجاج درج کرا رہے ہیں اور یہ سلسلہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس تک جاری رہے گا- پیر کے روز جنتر منتر پر خاتون کسانوں کی جانب سے سنسد لگائی گئی اور حکومت کے خلاف آواز بلند کی گئی- ادھر، غازی پور بارڈر پر بھی بڑی تعداد میں کسان مظاہرہ کرنے کیلئے پہنچے ہیں -خیال رہے کہ کسان گزشتہ8مہینوں سے دہلی کی ٹیکری، سنگھو اور غازی پور سرحد پر احتجاج کر رہے ہیں اور تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں - حکومت کا کہنا ہے کہ قوانین کو پوری طرح واپس نہیں لیا جا سکتا، ہاں اس میں ترمیم ضرور کی جا سکتی ہے- ادھر، پارلیمنٹ میں بھی پیگاسس جاسوسی معاملہ کے علاوہ کسان تحریک پر بھی ہنگامہ ہو رہا ہے اور کوئی کام کاج نہیں ہو پا رہا-


Share: